ارسلان کے بارے میں ثبوت دیکھ کر دکھ ہوا، اعتزاز
لاہور(سی ایم لنکس)بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے بیٹے ارسلان افتخار کے بارے میں جو مواد کاروباری شخصیت ملک ریاض نے دکھایا تھا اسے دیکھ کر انہیں دکھ ہوا۔ لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اس معاملے کے ذمہ دار نہیں ہیں اور ان کی طرف کوئی انگلی نہیں اٹھتی۔ بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ارسلان افتخار نے جو کچھ بھی کیا اس پر دکھ ہے اور یہ ارسلان افتخار کا اپنا فعل نظر آتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ اب یہ معاملہ عدالت کے روبرو ہے اور عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ اگر کوئی سازش ہے تو یہ سازش کس کی ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ ملک ریاض سے جو مواد دیکھا اسی مواد کی بنیاد پر عدالت نے فیصلہ کرنا ہے اس لیے یہ اس مواد پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ بات کہی جا رہی ہے کہ ایسی شہادتیں ہیں کہ مواد معتبر ہے جبکہ دوسری جانب ارسلان افتخار نے مواد کو غلط قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میڈیا نے سنی سنائی بات کو بڑھا چڑھا دیا ہے اور اس بات کو اتنا بڑا بنانے کی ضرورت نہیں تھی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے اس بات کی بھی تردید کی کہ برطانوی صحافی کریسٹینا لیمب سے ان کا رابطہ تھا اور انہوں نے واضح کیا کہ کریسٹینا لیمب سے ان کا آخری رابطہ سنہ دو ہزار سات میں ہوا تھا۔ اعتزاز احسن نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی حد تک یہ کوشش کی کہ ایسی سنسنی خیز خبریں شائع نہ ہوں جن سے عدلیہ اور چیف جسٹس کا وقار مجروح ہو لیکن بقول ان کے چند ایسے دوست جو شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہیں انہوں نے بات کو اتنا بڑھا دیا اور اب ملک ریاض کو سپریم کورٹ میں آنا پڑے گا۔ سپریم کورٹ بار کے سابق صدر نے اس بات کی تردید کی کہ وہ ارسلان افتخار کے بارے میں مواد دیکھنے کے بعد روئے۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔