Monday, June 11, 2012

پاور پراجیکٹس کیس : بابر اعوان اور سیکریٹری مسعود چشتی کو نوٹسز جاری



June 11, 2012,  
اسلام آباد(سی ایم لنکس) سپریم کورٹ نے چیچو کی ملیاں اور نندی پور پاور پراجیکٹس سے متعلق کیس میں سابق وزیر قانون بابر اعوان اور سیکریٹری مسعود چشتی کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ دونوں افراد منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ دار ہیں،عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری پانی و بجلی سے مشترکہ بیان بھی طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ بجلی کے اتنے اچھے منصوبے پر حکمرانوں کی غفلت کی وجہ سے عمل نہیں ہوا۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے چیچو کی ملیاں اور نندی پور پاور پراجیکٹس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری پانی و بجلی کی عدم حاضری کے باعث منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ داروں کے نام آج بھی پیش نہیں کئے جا سکے جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وزارت پانی و بجلی کے وکیل خواجہ طارق رحیم نے عدالت کو بتایا کہ وزارت کو کمیشن کی رپورٹ پر کوئی اعتراض نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ان منصوبوں کو دو ہزار گیارہ میں مکمل ہونا تھا،بجلی تو نہیں ملی الٹا اربوں روپے کا نقصان ہو گیا،منصوبے بروقت مکمل ہو جاتے تو لوگ بجلی کیلئے ٹائر نہ جلا رہے ہوتے،معاملہ نیب کو بھیجوا سکتے ہیں لیکن نیب کے حالات بھی سب کو پتہ ہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ ایک سو تیرہ ارب روپے کا نقصان ناقابل واپسی ہے،،کہتے ہیں سپریم کورٹ لاٹھی لے کر پیچھے پڑی رہے خود کچھ نہ کرنا پڑے۔وزارتوں کا ایک دوسرے پر الزام تراشی درست بات نہیں۔ عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت بیس جون تک ملتوی کرتے ہوئے سابق وزیر قانون بابر اعوان اور سیکٹری مسعود چشتی کو نوٹسز جاری کر دیئے اور قرار دیا کہ دونوں افراد منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ دار ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں منصوبوں کے مستقبل اور سیکریٹری خزانہ و پانی و بجلی سے بھی مشترکہ بیان طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے وزارت پانی و بجلی کو کراچی پورٹ پر پڑی مشینری کا سینیئر آفیسر سے معائنہ کرا کر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا ہے کہ اگر وزارت قانون نے اب بھی ماضی کی غلطیاں دہرائیں تو برداشت نہیں کرینگے،بجلی کے اتنے اچھے منصوبے پر حکمرانوں کی غفلت کی وجہ سے عمل نہیں ہوا۔

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


Recent Posts

Blogger Widgets
Advertise Now!