Wednesday, June 6, 2012

کوہستان واقعہ کا ازخودنوٹس: سماعت میں 6 بجے تک وقفہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس) سپریم کورٹ نے ہیلی کاپٹروں پر کوہستان جانے والی ٹیم کی واپسی میں تاخیر کے باعث لڑکیوں کے مبینہ قتل کے واقعے کیخلاف از خوڈ نوٹس کی سماعت چھ بجے تک ملتوی کردی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ کر رہا ہے، وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو خیبر پختونخواہ کے سیکریٹری داخلہ اعظم خان نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ عدالتی حکم پر دس افراد پر مشتمل ٹیم سوا ایک بجے دو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کوہستان کے متعلقہ گاؤں روانہ کردی گئی ہے۔ ٹیم میں انتظامیہ اور پولیس افسران کے علاوہ خواتین سماجی کارکنان بھی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ دور افتادہ گاؤں تک پہنچنے کیلئے ہیلی کاپٹر پر دو گھنٹے کا وقت لگتا ہے اس لئے ابھی تک ٹیم وہاں پہنچی ہی نہیں ہوگی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا لڑکیاں زندہ ہیں؟ اس پر سیکریٹری داخلہ خیبر پختونخواہ کچھ دیر خاموش رہے اور پھر بولے کہ مقامی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق تو لڑکیاں زندہ ہیں لیکن کسی نے بھی ان لڑکیوں کو خود نہیں دیکھا۔ اس سے قبل جب کیس کی سماعت شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل عرفان قادر نے عدالت کو بتایا کہ کوہستان جانے والی ٹیم کے مطابق ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، جس لڑکے نے لڑکیوں کے مبینہ قتل کی بات پھیلائی اس کی شہرت بھی اچھی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کی روایت ہے کہ لڑکیاں عدالت میں پیش نہیں ہوتیں اس لئے انھیں پیش نہیں کیا جاسکا۔ مشیر داخلہ رحمان ملک ،ڈی آئی جی اور اے آئی جی ہزارہ ڈویژن نے بھی لڑکیوں کے قتل سے انکار کیا اور پیش کرنے کیلئے مہلت مانگی۔ معاملے میں شریک دونوں لڑکوں نے عدالت کو بتایا کہ پانچوں لڑکیوں کو قتل کردیا گیا ہے،عدالت نے خواتین کو نہ لانے پر حکومتی مئوقف اور مہلت کی درخواست قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے اس لئے زیادہ وقت نہیں دے سکتے۔ مقدمے کی مزید سماعت چھ بجے پھر ہو گی۔

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


Recent Posts

Blogger Widgets
Advertise Now!