اسلام آباد(سی ایم لنکس )صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت سندھ میں امن وامان اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایوان صدر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، صوبائی وزراء سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔صدارتی ترجمان کے مطابق اجلاس میں سید قائم علی شاہ نے کراچی میں لیاری آپریشن میں اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا جبکہ سندھ بالخصوص کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں مسلم لیگ نواز کے بڑھتے ہوئے احتجاج کا بھرپور جواب دینے کیلئے حکمت عملی بھی مرتب کی گئی اور شرکاء کی مختلف سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں اپنی قوت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی اور (ن) لیگ کے مظاہروں کا بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ سندھ کے مختلف شہروں میں جلسے بھی منعقد کئے جائینگے اور اس حوالے سے (ن) لیگ کو فری ہینڈ نہیں دیا جائے گا ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے لانگ مارچ کے جواب میں رائے ونڈ مارچ پر بھی غور کیا گیا اور اس حوالے سے فیصلے کا اختیار صدر مملکت و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو دے دیا گیا ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ سندھ بالخصوص کراچی میں امن کو ہر صورت بحال کیاجائے گا اور کسی کو حکومتی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ کراچی کے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ صدر نے کہا کہ لیاری میں حالات معمول پر لانے اور شرپسندوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز بھرپور کردار ادا کریں جبکہ اس معاملے کا مستقل بنیادوں پر سیاسی حل بھی نکالا جائے گا۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔