میمو تحقیقاتی کمیشن کی کارروائی مکمل
اسلام آباد(سی ایم لنکس) منصور اعجاز کے بلیک بیری سیٹس کی فرانزک رپورٹس جمع ہونے کے بعد میمو کمیشن کی کارروائی مکمل کر لی گئی، کمیشن اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔ میمو تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوا۔ سیکریٹری کمیشن راجہ جواد نے منصور اعجاز کے بلیک بیری سیٹس کی فرانزک رپورٹس کمیشن میں پیش کیں جن کے ساتھ اپنا بیان حلفی بھی جمع کرایا۔ سیکریٹری کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلیک بیری سیٹس کے فرانزک معائنے کیلئے آٹھ کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا تاہم معیار جانچنے کے بعد بہتر اور کم قیمت والی کمپنی،سسٹم ٹیکنالوجی کنسلٹنٹ کے دو ماہرین نے فرانزک تجزیہ کیا۔ بلیک بیری سیٹ کے فرانزک معائنے کے لئے منصور اعجاز اور حقانی دونوں کو نوٹس بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے کمپنیوں کی فہرست، رابطہ نمبر اور قیمت کی تفصیل بھی پیش کی اور بتایا کہ معائنے کیلئے منصوراعجاز اور حسین حقانی دونوں کو نوٹس بھیجا گیا تھا،کمپنی کے دو ماہرین نے میری موجودگی میں موبائل فرانزک تجزیہ کیا،معائنے کے دوران پاکستانی ہائی کمیشن نے مداخلت نہیں کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل طارق جہانگیری نے فون کا معائنہ کرنے والے اہلکاروں کی اہلیت پر سوال اٹھایا جس پر ماہرین کی اہلیت کی دستاویز ڈپٹی اٹارنی جنرل کے حوالے کردی گئی، حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری آج کی کارروائی کے دوران غیر حاضر رہے اور نہ ہی ان کی جانب سے کوئی درخواست آئی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار بیرسٹر ظفراللہ نے استدعا کی کہ کمیشن مزید سماعت نہ کرے اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر رپورٹ سپریم کورٹ کو بھیج دے۔ کمیشن نے اپنی کارروائی مکمل کر لی ہے اور رپورٹ تیار کرکے سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔