جب تک پارلیمنٹ کی تائید حاصل ہے وزیراعظم رہوں گا، گیلانی
لاہور(سی ایم لنکس) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ کسی کے کہنے یا نہ کہنے سے کوئی آ یا جا نہیں سکتا، جب تک پارلیمنٹ کی تائید حاصل ہے وزیراعظم رہوں گا۔ لاہور میں مسلم لیگ ق کی قیادت سے ملاقات کے بعد چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نیٹو سپلائی پر پارلیمانی کمیٹی نے سفارشات دے دی ہیں، نیٹو سپلائی کھولنے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کو شکاگو کانفرنس میں شرکت کی غیر مشروط دعوت ملی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پہلی منتخب جمہوری حکومت ہے جو پانچواں بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے، بجٹ میں پہلی ترجیح لوڈشیڈنگ کا خاتمہ یا اس کو کم سے کم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے علاوہ صوبوں سے بھی بجلی کی پیداوار کا سوال کیا جائے، صوبے خود بھی بجلی پیدا کرنے کے لئے بااختیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ پر چوہدری شجاعت کے فارمولے سے اتفاق کرتا ہوں، لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے ایمرجنسی روم قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی نااہلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ کسی کے کہنے یا نہ کہنے سے کوئی آ یا جا نہیں سکتا۔ جب تک پارلیمنٹ کی تائید حاصل ہے وزیراعظم رہوں گا۔ اس موقع پر ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جو وزیراعظم کو نہیں مانتے وہ کونسی عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، عدلیہ کے مجرم وہ ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ خود ہی آئین اور خود ہی پارلیمنٹ بنی ہوئی ہے۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔