پاک امریکہ مذاکرات مثبت سمت پر گامزن ہیں، وزیر خارجہ
اسلام آباد(سی ایم لنکس) ایوان صدر میں صدر زرداری، وزیراعظم گیلانی اور آرمی چیف کے اجلاس کے بعد وزیرخارجہ حنا ربانی کھر اور وزیراطلاعات قمرالزمان کائرہ نے مشترکہ میڈیا کانفرنس میں کہا ہے کہ پاک امریکہ مذاکرات مثبت سمت پر گامزن ہیں۔ نیٹو سپلائی کھولنے پر وزیرخارجہ کہتی ہیں کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے رکاوٹ بننے کے بجائے پاکستان سہولت کار کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کھل کر یہ نہیں کہا کہ نیٹو سپلائی کھولی جارہی ہے لیکن اشاروں کنائیوں میں بار بار کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پارلیمنٹ گائیڈلائنز کی روشنی میں مذاکرات مثبت انداز سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیرخارجہ کھر نے کہا کہ کچھ معاملات پر پاکستان اور امریکہ ایک ہی موقف رکھتے ہیں۔بعض معاملات پر اختلافات کم ہو رہے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان میں ایک اقلیت ہی مغربی دنیا سے تعلقات نہیں رکھنا چاہتی کیونکہ پارلیمانی گائیڈلائنز کے ذریعے واضح طور پر دنیا کے ساتھ تعلق رکھنے پر بات کی ہے۔ وزیراطلاعات قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ حکومت دفاع پاکستان کونسل سے توقع رکھتی ہے کہ نیٹو سپلائی کے بارے میں رویہ تبدیل کرے گی کیونکہ دفاع پاکستان کونسل اب خاصی کمزور پڑ چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈورن حملوں کی مخالفت اسلام آباد اور لاہور میں زیادہ جبکہ فاٹا میں کم ہے۔ جنرل کیانی اور جنرل ایلن کی ملاقات اور ایوان صدر کے پیر کے اجلاس میں نیٹو سپلائی کھلوانے پر کوئی فیصلہ کیے جانے کے جواب میں وزیرخارجہ نے زور دیا کہ نیٹو اور ایساف میں امریکہ کے ساتھ ساتھ برطانیہ، جاپان، ترکی، ملائشیا وغیرہ بھی شامل ہیں۔ نیٹو سپلائی جب کھلنی ہو گی کھل جائے گی۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔