ایفی ڈرین کوٹہ کیس: علی موسٰی گیلانی نے تحریری بیان جمع کرا دیا
اسلام آباد(سی ایم لنکس) ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں وزیراعظم کے صاحبزادے علی موسٰی گیلانی نے تحریری بیان سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ،کہتے ہیں انہیں وزیراعظم کا بیٹا ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے،،بریگیڈیئر فہیم سے انصاف کی توقع نہیں، تحقیقاتی افسر تبدیل کیا جائے۔ علی موسٰی گیلانی کا گیارہ صفحات پر مشتمل جواب ایڈووکیٹ این ریکارڈ نے سپریم کورٹ میں جمع کرایا۔ بیان میں علی موسیٰ گیلانی نے اپنے اوپر لگائے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے انھیں بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔ بیان میں انھوں نے کہا کہ بریگیڈیئر فہیم نے خوشنود لاشاری سے ملاقات کے بارے میں جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا،، ان کی رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے جو انہیں کیس کا مرکزی کردار ثابت کرنے کیلئے گھڑی گئی۔ علی موسیٰ گیلانی کے مطابق توقیر علی خان سے ان کا بلاجواز تعلق جوڑا جارہا ہے، ڈاکٹر رشید جمعہ سے بھی کبھی ٹیلی فون پر بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ بریگیڈیئر فہیم کی بجائے اس کیس کی تحقیقات کسی اور افسر کو سونپنے کی اجازت دی جائے۔ اس سے پہلے علی موسٰی گیلانی نے اے این ایف حکام کو دوسری مرتبہ بیان قلمبند کرایا، پانچ گھنٹے طویل پوچھ گچھ کے دوران موسٰی گیلانی الزامات کی تردید کی۔ اے این ایف ذرائع کے مطابق علی موسی گیلانی نے تفتیشی افسران کو بتایا کہ توقیر نامی شخص سے ان کا کوئی تعلق نہیں ،پوچھ گچھ کے دوران تفتیشی حکام نے موسی گیلانی کو توقیر کے ساتھ ان کی تصویر دکھائی تو ان کا کہنا تھا کہ یہ تصویر جعلی ہو سکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ علی موسی سے جب ایفیڈرین کے انگریزی سپیلنگ پوچھے گئے تو انہوں نے وہ بھی غلط بتائے۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔