ترکی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا، ترک وزیراعظم
اسلام آباد (سی ایم لنکس) ترک وزیراعظم طیب اردگان کا کہنا ہے کہ اقتصادی ترقی کے لئے ترکی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا، پاکستان اور ترکی ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاکستان تنہا نہیں۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اسپیکر فہمیدہ مرزا کی زیر صدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی پارلیمنٹ سے خطاب میرے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی جمہوریت میں پاکستانی پارلیمنٹ کا اہم مقام ہے، جمہوریت کے فروغ کے لئے پاکستانی پارلیمنٹ مضبوط قدم اٹھا رہی ہے۔ مشکلات کے باوجود پاکستان حالات کا مقابلہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اقتصادی تعاون ضروری ہے، اقتصادی ترقی کے لئے ترکی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا۔ پاکستان اور ترکی ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ طیب اردگان نے کہا کہ جمہوریت آسانی سے حاصل نہیں ہوتی، جمہوریت مسلسل جدوجہد کا نام ہے۔ جمہوری استحکام کے لئے انسانی رابطوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔جمہوریت مکمل ضابطہ حیات نہیں بلکہ اصلاحات کا دوسرا نام ہے، جمہوریت میں حزب اختلاف پر بھی بھاری ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی کی جمہوری اور اقتصادی ترقی کے پیچھے قانونی اصلاحات ہیں۔ ترک وزیراعظم نے اپنے خطاب کے دوران گیاری سیکٹر میں پھنسے فوجیوں کے لئے اللہ کی سلامتی کی دعا بھی کی۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنے بھائی ترک وزیراعظم کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی دوست اسلامی ممالک کے لئے رول ماڈل ہے، پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی میں اداروں میں اصلاحات سے جمہوری اداروں میں استحکام آیا۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔