اسٹیل مل کیس: رحمن ملک کو توہین عدالت کا نوٹس
اسلام آباد(سی ایم لنکس) اسٹیل ملز کرپشن کیس کے تمام ملزمان کی ضمانتیں منسوخ ،نیب کو تحقیقات تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت اور کیس کی تفتیش تبدیل کرنے پر وزیر داخلہ رحمن ملک کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ نے اسٹیل ملز کرپشن کیس کافیصلہ جو ستاون صفحات پر محیط ہے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں کیس کی سماعت کرنے والے تین رکنی بیچ کے رکن جسٹس طارق پرویز نے پڑھ کر سنایا۔ عدالت نے اسٹیل ملز کرپشن کیس کے تمام ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرتے ہوئے نیب کو تحقیقات تین ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے نیب کو ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کرنے اور ہر پندرہ روز بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے اسٹیل ملز کا تمام ریکارڈ نیب کے حوالے کرنے کا حکم بھِی دیا ہے اور چیئرمین نیب سے کہا ہے کہ وہ تمام تر تحقیقات کی نگرانی خود کریں۔ سپریم کورٹ نے کیس کی تفتیش تبدیل کرنے پر وزیر داخلہ رحمن ملک کو بھی نوٹس جاری کیا جس کی سماعت دو ہفتے بعد ہوگی۔ سٹیل ملز میں بائیس ارب روپے کی کرپشن کی خبر پر چیف جسٹس نے دو ہزار نو میں از خود نوٹس لیا تھا۔ فرانزک آڈٹ رپورٹ کے مطابق سٹیل ملز میں ساڑھے چھبیس ارب روپے کی کرپشن کی گئی۔ ایف آئی اے نے اکیاون ملزمان کے خلاف دس ایف آئی آر درج کروائیں تاہم ملزمان کی اکثریت ضمانت پر رہا کر دی گئی۔ اسٹیل ملز کی کیس کی تفتیش ڈی جی ایف آئی اے طارق کھوسہ سے واپس لینے پر رحمن ملک کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔ سابق ڈی جی ایف آئی اے وسیم احمد نے بھی ا سٹیل ملز کرپشن کی تحقیقات کی لیکن عدالت نے انہیں مسترد کر دیا تھا۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔