Friday, April 13, 2012

وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت پیر تک ملتوی



اسلام آباد (سی ایم لنکس) سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت سولہ اپریل تک ملتوی کردی گئی، عدالت نے نئے اٹارنی جنرل عرفان قادر کو استغاثہ کا پراسیکیوٹر مقرر کرتے ہوئے جمعرات سے دلائل شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔ کیس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سات رکنی بنچ نے کی ، نئے اٹارنی جنرل عرفان قادر نے پیش ہو کر بتایا کہ ان کی گذشتہ روز ہی تقرری ہوئی ہے لہٰذا تیاری کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے، عدالت نے توہین عدالت کے ملزم کی جانب سے پر اسیکیوٹر کی تبدیلی پر برہمی کا اظہار کیا اور وزیر اعظم کے وکیل اعتزاز احسن سے استفسار کیا کہ ،کیا یہ آرٹیکل دس اے کی خلاف ورزی نہیں؟؟ عدالت نے سابق اٹارنی جنرل مولوی انوارالحق کو بھی طلب کر لیا ، مولوی انوارالحق نے عدالت میں حاضر ہو کر کیس میں بطور استغاثہ پیش ہونے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قواعد کے تحت پراسیکیوٹر اٹارنی جنرل ہی ہو سکتا ہے، وہ نئے اٹارنی جنرل کو تمام معاملات پر تفصیلی بریفنگ دے چکے ہیں ، اس پر عدالت نے عرفان قادر سے پوچھا کہ انہیں وزیر اعظم کے خلاف بطور پراسیکیوٹر دلائل دینے میں کوئی ہچکچاہٹ تو نہیں، کیونکہ انہیں ایسے دلائل دینا ہوں گے جس سے ملزم کو سزا ہو سکے۔ جس پر عرفان قادر نے کہا کہ وہ قانون کے مطابق دلائل دیں گے، ملزم کو سزا دینا یا بری کرنا عدالت کا کام ہے ، جس پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کرتے ہوئے باہمی مشاورت کی اور عرفان قادر کو استغاثہ کا پراسیکیوٹر مقرر کر دیا اور امید کا اظہار کیا کہ وہ بطور پراسیکیوٹر تندہی کے ساتھ فرائض انجام دیں گے، تاہم عدالت نے اٹارنی جنرل کی جانب سے ایک ہفتے کی مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جمعرات سے دلائل دینے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے اعتزاز احسن کی جانب سے چھٹی کی درخواست بھی مسترد کر دی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ آئندہ بدھ تک دلائل مکمل کر لیں، کیس کی سماعت پیر کو دوبارہ ہو گی۔

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


Recent Posts

Blogger Widgets
Advertise Now!