مفاد پرست ٹولہ ملک کی تباہی کا ذمہ دار ہے، نواز شریف

July 19, 2012,
کراچی(سی ایم لنکس) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مفاد پرست لوگ اکٹھے بیٹھے ہیں اور یہی ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، اگر ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہوتی تو آج وطن عزیز کو ایسے سنگین بحرانوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا، نواز لیگ میثاق جمہوریت پر آج بھی قائم ہے، گالی گلوچ اورکیچڑ اچھالنے کی سیاست اب ختم ہونی چاہیے، ملک کو بے داغ قیادت اور صرف ستھرے لوگوں کی ضرورت ہے، عوام اب ماورائے آئین کوئی اقدام قبول نہیں کرینگے، نواز لیگ سندھ کی تقسیم کی حامی نہیں اور نہ ہی ایسے اقدام کی حمایت کریگی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی سے میثاق سندھ پر دستخط کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم کبھی بھی مفاد پرستی کی سیاست کے حامی نہیں رہے، ہم نے ہمیشہ ایسی سیاست کا ساتھ دیا جس کے ذریعے پاکستان ترقی کرے، گالیوں کی سیاست سے ہمیں پرہیز کرنا چاہیے، ہمیں چاہیے کہ ہم ایشوز پر بات کریں، آج ہم جب صدر زرداری کی سیاست پر بات کرتے ہیں تو ایشوز پر بات کرتے ہیں ان پر کیچڑ نہیں اچھالتے لیکن آج سیاست میں لوگ اپنا مقام بنانے کے لیے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ مجھے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے،بہت اچھا لگا کوئی شرم نہیں آئی، ہم مکمل طور پر اس پر کام کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں مفاد پرستی کی سیاست نہ ہو لیکن یہاں ڈکٹیٹروں نے آکر پاکستان کو تباہ کردیا، اگر ڈکٹیٹر نہ آتے تو آج پاکستان بلندیوں کو چھو رہا ہوتا، ہم سمجھتے ہیں کہ اگر پاکستان کو دستور کے مطابق چلنے دیا جاتا تو پاکستان آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہوتا لیکن افسوس کہ اب بہت دیر ہوگئی ہے، بہت کچھ آگے چلا گیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ جب صوبوں کو تسلیم کرنے کی بات کی جارہی تھی تو سب سے پہلے میں نے کہا کہ نئے صوبوں کے خلاف نہیں لیکن سندھ کی تقسیم برداشت نہیں کرینگے، میں سمجھتا ہوں کہ پارٹی وہ ہے جو ملک کو ایک نظر سے دیکھے، تفریق نہ کرے اور عوام کو دھوکہ نہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جو ملک کی حالت کی ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے، کرپشن نے ملک کے ادارے کھوکھلے کردیئے ہیں، قتل و غارت عروج پر ہے، اسلام آباد میں سب مفاد پرستی کی سیاست کے لیے سر جوڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔