Wednesday, June 6, 2012

امریکی سی آئی اے کی سرپرستی میں بھارتی اور اسرائیلی تخریب کار بلوچستان میں گھناﺅنا کھیل کھیل رہے ہیں، سید منور حسن


 

لاہور(سی ایم لنکس) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہاہے کہ بلوچستان عالمی تخریبی سرگرمیوں کا اکھاڑہ بن چکاہے جس میں بیسیوں غیر ملکی ایجنسیوں کی مداخلت کے واضح ثبوت ملنے کے بعد ملکی سلامتی اور تحفظ کے اداروں کی نااہلی کھل کر سامنے آ گئی ہے اور یہ بات بھی پایہ ثبوت کو پہنچ گئی ہے کہ ملکی ایجنسیوں کو سوائے اپنے شہریوں کو اٹھا کر انہیں لاپتہ کرنے ، ماورائے عدالت عقوبت خانوں میں بند کر کے انہیں تشدد کا نشانہ بنانے اور ان کے ورثا کو بے خبر رکھ کر انہیں اذیت سے دوچار کر نے کے کوئی کام نہیں، ان کے اس طرز عمل سے ملک میں نفرتیں پھیل رہی ہیں اور عدم استحکام پیدا ہورہاہے، یہ ایجنسیاں اپنے فرائض کی ادائیگی میں مکمل طو ر پر ناکام ہو چکی ہیں، سپریم کورٹ اپنے از خود نوٹس میں ان لوگوں کی بپتا سنیں جو ایجنسیوں کی تحویل سے بازیاب ہوئے ہیں اور جن کی قیامت خیز داستانیں سننے والوں پر لرزہ طاری کر دیتی ہیں ۔ بدھ کو انہوں نے اپنے ایک بیان میں بلوچستان میں 24 ممالک کی ایجنسیوں کی ریشہ دوانیوں کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ سید منور حسن نے کہاکہ امریکی سی آئی اے کی سرپرستی میں بھارتی اور اسرائیلی تخریب کار بلوچستان میں گھناﺅنا کھیل کھیل رہے ہیں جو ملکی سلامتی اور بقا کے لیے انتہائی خطرناک ہے ۔ علیحدگی پسند گروپوں میں بڑے پیمانے پر اسلحہ اور روپیہ تقسیم کیاجارہاہے ۔ اب تک 24 بیرونی ایجنسیوں کے بلوچستان میں مداخلت اور حالات کو خراب کرنے کے ثبوت سامنے آ چکے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ اپنے ہر بیان میں بلوچستان میں غیر ملکی مداخلت کے ثبوت ملنے کی بات تو کرتے رہے ہیں لیکن اس کے سدباب کے لیے انہوں نے کچھ نہیں کیا ۔ حکمران اس سازش کے خلاف مجرمانہ خاموشی اور غفلت کاشکار ہیں اور دفاع کے سلسلے میں ان پر جو ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں انہیں ادا کرنے کے بجائے اپنی حکومت کی بقیہ مدت پوری کرنے کے لیے منصوبہ بندی میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ایجنسیوں کا بھی صرف ایک ہی کام ہے کہ اپنے شہریوں کو اٹھا کر غائب کر دیا جاتاہے اور انہیں عقوبت خانوں میں بند کر کے ان پر بدترین تشدد اور اذیت کے تمام حربے استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ ملک کی جڑیں کھودنے والے غیر ملکیوں کو یہاں کھل کھیلنے کے مواقع میسر ہیں ۔ انہیں کوئی خفیہ ایجنسی پوچھنے والی نہیں ہے ۔ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک اور الارمنگ ہے اس کا نوٹس نہ لیا گیا او ر سدباب نہ کیا گیا تو اس کے بہت ہی بھیانک نتائج نکلیں گے، اس لیے حکمرانوں اور خصوصاً فوج کو اس سنگین صورتحال کا سخت نوٹس لیناچاہیے اور اس کا سدباب کرناچاہیے ۔ غیر ملکی مداخلت کاروں کو گرفتار کر کے سامنے لاناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے حالات حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھ سے نکل چکے ہیں ۔ وزیراعظم کے دورہ بلوچستان کے موقع پر 6 معصوم شہریوں کے قتل نے بھی یہ بات ثابت کر دی ہے کہ حالات پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں رہا اور دہشتگرد جب اور جہاں چاہیں بلاخوف کارروائی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیل سکتے ہیں ۔ سید منور حسن نے کہاکہ سپریم کورٹ صوبائی حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے غیر ملکی مداخلت کا فوری نوٹس لے اور ایجنسیوں کے کردار کو ملکی استحکام اور امن و امان کی بحالی تک محدود کرے۔ انہوں نے کہاکہ ایجنسیوں کی سیاست میں مداخلت اور سیاستدانوں میں کسی کی پشت پناہی اور کسی کی کردار کشی کا کھیل بند کیا جاناچاہیے

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


Recent Posts

Blogger Widgets
Advertise Now!