بیجنگ: صدر زرداری کی افغان صدر کرزئی سے ملاقات

بیجنگ(سی ایم لنکس) صدرآصف زرداری اورافغان صدر حامد کرزئی کے درمیان ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان چودہ جون کو کابل میں وزارتی کانفرس میں شرکت کرے گا جبکہ افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ صلاح الدین ربانی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے افغان صدر حامد رکزئی سے بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی۔ صدر زرداری نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے ساتھ ساتھ دیگر معاملات میں مکمل مدد کرنے کو تیار ہیں۔ صدرزرداری نے افغان ہم منصب کے سامنے قیدیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور زور دیا کہ قیدیوں پر مجوزہ کمیشن کو جلد فعال بنایا جائے۔ صدر زرداری نے کہا کہ افغانستان میں سماجی و معاشی ترقی، امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی۔ صدر کا کہناتھا کہ اس سال کے آخر میں چار ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے وہ افغان صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ صدر نے کہا کہ مشترکہ مسائل کے حل کے لیے دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان قریبی روابط ضروری ہیں۔صدر زرداری کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کے حل کے لیے پاکستان استنبول پروسس کا حصہ ہے۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ کابل میں چودہ جون کو ہونے والی وزارتی کانفرنس میں پاکستان شرکت کرے گا۔ ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ افغان امن کونسل کے نئے سربراہ صلاح الدین ربانی جلد ہی پاکستان کا دورہ کرینگے۔ صدر زرداری نے کہا کہ بچوں کے لیے تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے افغان بچوں کے لیے کتابیں لانے والے کنٹینرز چھوڑے جا رہے ہیں۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ بارڈر ایریاز کے علاقوں میں معاشی ترقی سے دہشت گردی کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور امریکہ کو معاشی مواقع اور سرمایہ کاری کے لیے ایک پیکیج دینا چاہیے۔ افغان صدر حامد کرزئی نے افغانستان میں امن، سلامتی اور ترقی کے لیے پاکستان کے کردار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا افغانستان تمام شعبوں میں پاکستان سے تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔