بلوچستان بدامنی کیس: ایف سی اور پولیس کے آئی جیز طلب
اسلام آباد(سی ایم لنکس) سپریم کورٹ نے بلوچستان بدامنی کیس میں تین مطلوبہ لاپتہ افراد کو ہر صورت میں آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا، ایف سی اور بلوچستان پولیس کے آئی جیز کو بھی طلب کر لیا گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ لگتا ہے وفاق کو بلوچستان سے کوئی دلچسپی نہیں۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ سماعت شروع ہوئی تو ایف سی بلوچستان کے کی جانب سے میجر سہیل نے پیش ہو کر بتایا کہ آئی جی ایف سی مصروف ہیں اس لئے عدالت نہیں آسکے اور وہ ان کی نمائندگی کریں گے۔ عدالت نے آئی جی ایف سی کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور میجر سہیل کی نمائندگی قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ سے بڑا کونسا ادارہ ہے، لوگوں کو لاپتہ کرنے میں ایف سی کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آئی جی ایف سی سے ملاقات کا شوق نہیں لیکن تین لاپتہ افراد کا معاملہ اہم ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان نے استدعا کی کہ آئی جی ایف سی اور آئی جی بلوچستان کو پیش ہونے کیلئے پیر تک کی مہلت دی جائے، اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مطلوبہ تینوں لاپتہ افراد کو پیش کر دیں مہلت دینے کو تیار ہیں۔ آئی جی ایف سی خود کو عدالت سے بالاتر سمجھتے ہیں تو سخت حکم جاری کریں گے۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ لاپتہ افراد کیس میں وفاق کا کوئی نمائندہ پیش نہیں ہوتا، لگتا ہے وفاق کو بلوچستان سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ڈی آئی جی بلوچستان نے بتایا کہ تینوں لاپتہ افراد کی ایف سی گاڑی میں بیٹھنے کی فوٹیج موجود ہے ، فوٹیج نجی ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمرے سے بنی۔ عدالت نے مذکورہ فوٹیج طلب کرتے ہوئے کہا کہ اس فوٹیج سے ہر چیز سامنے آجائے گی۔ عدالت کی ہدایت پر میجر سہیل نے آئی جی ایف سی سے رابطے کے بعد بتایا کہ مصروفیت کے باعث آئی جی ایف سی آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ جس پر عدالت نے سماعت چودہ مئی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایف سی اور بلوچستان پولیس کے سربراہوں کو طلب کر لیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تینوں لاپتہ افراد کو لازمی پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔