Monday, May 14, 2012

خیبر ایجنسی: فورسز کی کارروائی، 19 شدت پسند ہلاک



پشاور(سی ایم لنکس) خیبر اور کرم ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں انیس شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے تین ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا۔ ادھر مہمند ایجنسی میں شدت پسندوں کے حملے میں امن لشکر کا ایک رضا کار جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے قنبر آباد میں گزشتہ شب شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کیا جس میں دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دس شدت پسند مارے گئے۔ مارے جانے والے شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر اسلام سے بتایا جاتا ہے۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور مختلف مقامات پر شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبر میں بھی سکیورٹی فورسز کی پیشقدمی جاری ہے۔ دریں اثناء کرم ایجنسی کے علاقے علی شیرزئی میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ سے نو شدت پسند ہلاک جبکہ ان کے تین ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کی علی الصبح علی شیر زئی میں سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے تین ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ان میں نو شدت پسند ہلاک ہوگئے اور ان کے تینوں ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء مہمند ایجنسی کی تحصیل خویزئی میں شدت پسندوں نے لیویز اور امن لشکر کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں امن  لشکر کا ایک اہلکار جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


Recent Posts

Blogger Widgets
Advertise Now!