مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، توڑ پھوڑ
لاہور(سی ایم لنکس)بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ وہاڑی میں مشتعل مظاہرین نے سیاسی جماعتوں، ڈی پی او اور میپکو آفس میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور چیزوں کو آگ لگادی۔ پولیس کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر سات ہزار آٹھ سو میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بیس گھنٹوں سے تجاوز کر گیا ہے۔ مختلف شہروں میں گرمی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے ہوئے عوام کے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ وہاڑی میں تاجروں، مزدوروں، طلبا، وکلا اور شہریوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ مشتعل مظاہرین نے مسلم لیگ ق کے ایم پی اے طاہر اقبال، ن لیگ کی ایم این اے تہمینہ دولتانہ اور تحریک انصاف کے دفاتر اور میپکو آفس پر حملے کئے۔ شہریوں نے سرکاری جیپ، چار موٹرسائیکلوں سمیت ریکارڈ اور فرنیچر کو آگ لگا دی۔ اس کے بعد مظاہرین نے ڈی پی او آفس کا گھیراؤ کرلیا اور اندر گھسنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ جس سے دو نوجوان زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ کے علاقے نواب چوک میں فیکٹری مالکان اور مزدور جی ٹی روڈ پر احتجاجی ریلی نکال رہے ہیں۔ مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر سڑک کے دونوں طرف ٹریفک بلاک کر رکھی ہے۔ اخترآباد میں پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔ حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، رینالہ خورد، ملتان،ساہیوال، وزیرآباد، شیخوپورہ اورگجرات میں بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔