رحمان ملک غیر ملکی ایجنٹ ہے، رانا ثناء اللہ
لاہور(سی ایم لنکس) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں ایف آئی اے نے شہری کو گھر سے اغواء کیا، اگر اس میں رحمن ملک یا ایف آئی اے اہلکار ملوث ہوئے تو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ انہوں نے کہا کہ رحمان ملک اور ایف آئی اے کے ان لوگوں کو جو پنجاب کے حالات خراب کر رہے ہیں ان کو گرفتار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحمان ملک ایسا آدمی ہے جو کئی ایجنسیوں کا ایجنٹ ہے، اسی نے کراچی کا امن تباہ کیا، کراچی میں غیر ملکی ایجنٹ ہونے کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رحمان ملک نے ساری زندگی دلالی کی ہے، لوٹ مار کے پیسے کے لین دین میں اس کا کلیدی کردار ہے، اس نے لندن میں کروڑوں روپے کی پراپرٹی دلالی سے بنائی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجرم وزیراعظم کو بچانے کیلئے پیپلز پارٹی شعبدہ بازی سے کام لے رہی ہے۔ پنجاب اسمبلی کا ایوان پیپلز پارٹی کی شعبدہ بازی کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے چھ کروڑ ڈالر بچانے کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلوں کا تمسخر اڑایا۔ پیپلز پارٹی لسانی جھگڑے اچھال کر اپنی حکومت کی کرپشن چھپانا چاہتی ہے آئندہ الیکشن میں عوام زرداری ٹولے کا احتساب کرینگے جھگڑوں کو ابھار کر اپنی لوٹ مار سے دھیان ہٹانا چاہتی ہے۔ یہ ایوان پیپلز پارٹی کا پورا پورا احتساب کرے گا۔ صوبوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صوبہ بہاولپور کا پہلا حق ہے اسے بحال کیا جائے جو پہلے صوبہ تھا، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب، ہزارہ اور فاٹا سے مخلص ہو تو اسے آئینی راستہ اختیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صوبوں کے قیام کیلئے آئینی طریقہ کار اختیار کرے، صوبوں کے قیام کیلئے پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی میں قرارداد غیر آئینی اور غیر موثر ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر شعبہ میں کرپشن کی اور یہ ان کی بیڈ گورننس کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ملک میں حالات خراب ہو رہے ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری مشرف اور موجودہ حکومت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے اپنے عبرت ناک مستقبل سے ڈر رہے ہیں عوام ان کا احتساب کرینگے۔
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔